روپے کی مسلسل بے قدری، ڈالر کی اونچی اڑان حکومتی نااہلی وسودی معیشت کا نتیجہ ہے،محمد حسین محنتی


کراچی( صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے پی ڈی ایم کے ایک سو دنوں کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ روپے کی مسلسل بے قدری، ڈالر کی اونچی اڑان حکومتی نااہلی وسودی معیشت کا نتیجہ ہے، حکومتی غلط معاشی پالیسیوںنے معیشت کا دیوالیہ نکال دیا ہے، عوام بارش وسیلاب کے پانی میں ڈوب رہے ہیں عام آدمی دو وقت کی روٹی کیلئے پریشان ہے ،معیشت کا دیوالیہ نکل گیا ہے مگر مفاد پرست حکمران ٹولہ اقتدار کی رسہ کشی اور عوام پر مزید مہنگائی کے بم گراکر ان کا خون نچوڑنے میں مصروف ہیں، ایسے حکمرانوں سے کسی خیر کی امید نہیں ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ پیٹرول،ادویات سمیت پاکستان 75ارب ڈالر کی امپورٹ کرتا ہے ،مسلسل ڈالر کی قیمت میں اضافے سے لوکل اکانومی تباہ،تاجر وعوام دونوں پریشان ہیں جس کے تاجروں، عوام سمیت پوری معیشت پرخطرناک اثرات مرتب ہوتے ہیں،قرضوں میں بھی کئی گنا اضافہ ہوجاتا ہے۔

صوبائی امیر نے مزید کہا کہ امریکی غلامی اور سودیمعیشت سے نجات حاصل کئے بغیر ملک بحران اور عوام مسائل کے دلدل سے نہیں نکل سکتے۔ حکومت روپے کو مستحکم اور ڈالر کی اڑان کو روکنے ،معیشت کی بہتری اور عام آدمی کو رلیف دینے کیلئے سنجیدہ اقدامات  اورخودکفایت شعاری ،سادگی کی پالیسی اختیار کرے۔