اسلام آباد(صباح نیوز)وزارت صحت نے واضح کیا ہے کہپاکستان میں ابھی تک منکی پاکس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا،عالمی ایمرجنسی کے تحت منکی پاکس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ملک کے داخلی راستوں پر سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے منکی پاکس کے پھیلاو کو عالمی ایمرجنسی کا درجہ دے دیا ہے۔ وفاقی وزیر صحت عبد القادر پٹیل کی ہدایت پر سینٹرل ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ (بارڈر ہیلتھ سروسز)کے ادارہ کو ملک کے داخلی، راستوں پر صحت کے حوالے سے سخت نگرانی کی جارہی ہیں،
وزیرصحت نے این سی او سی کو بھی ہدایت جاری کی ہے کووڈ کے ساتھ ساتھ منکی پاکس کی مانیٹرنگ کو بھی یقینی بنایا جائے، وفاق اور صوبے مل کر اس وبا کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کریں۔ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ابھی تک منکی پاکس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ تمام ضروری اور موثر اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ انٹرنیشنل ہیلتھ سیکیورٹی ریگولیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے، خاص طور پر افریقہ سے آنے والے مسافروں کے سکریننگ کے نظام کو مضبوط بنایا گیا ہے۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ سائنسی بنیادوں پر پاکستان کے داخلی راستوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے، عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائینز پر بھر پور عمل کیا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں اداروں کے مابین مربوط کوارڈنیشن کا عمل جاری ہے۔ عبدالقادر پٹیل کا مزید کہنا تھا کہ عوامی آگاہی کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے ،ہیلتھ ورکرز کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جارہے ہیں۔