اٹھمقام(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ہندوستان نے کشمیر پر غاصبانہ فوجی قبضہ کررکھا ہے کشمیر کی آزادی کے لیے قومی کشمیر پالیسی تشکیل دے کر عملی اقدامات کیے جائیں ،آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کا سیاسی،جمہوری اور آئینی حق دینے کی بجائے پاکستان کے حکمران یہاں کے عوام کو اپنے انگوٹھے کے نیچے رکھنے کی کوشش کررہے ہیں جو جمہور ی آزادی کی نفی ہے۔پاکستان کی سول جمہوری اور عسکری قیادت میں ٹھہرائونہ ہونے کے باعث کشمیر کسی آزادی کے لیے تشکیل پانے والی پالیسی میں تسلسل نہ رہا جس سے تحریک آزادی کشمیر کی منزل طویل تر ہوتی جارہی ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع نیلم لوہر کے زیر اہتمام استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دریں اثناء لیاقت بلوچ نے میڈیا سے گفتگو اور بار ایسوسی ایشن سے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر قائمقام امیر جماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ،امیر ضلع لوہر نیلم عنایت علی قاسمی سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔
تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ اسلام کو ہم نے بحیثیت نظام زندگی اختیار نہیں کیا جس کی وجہ آج ہم مسائل کا شکار ہیں۔ اسلام مکمل نظام حیات ہے جو زندگی کے ہر شعبے میں راہنمائی کرتا ہے ،انہوں نے کہاکہ ہم نے اللہ کے دئیے ہوئے نظام کو چھوڑ کر انسانوں کے بنائے ہوئے نظام کو اختیار کیا جس کی وجہ سے سود، کرپشن، رشوت،جہالت میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ سودی معاشی نظام نے ہمارے پورے نظام معیشت کو تباہ کردیا جس کی وجہ سے آج ہم آئی ایم ایف اور ورلڈ کے غلام بن چکے ہیں ۔وہاں سے جو ہدایات آتی ہیں اسی پر عمل درآمد کروایا جارہا ہے جس کے نتیجے میں مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیپلز پارٹی ،مسلم لیگ اور ڈکٹیٹروں نے طویل عرصے تک اقتدار سنبھالے رکھا لیکن عوام کے لیے کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا نظام تعلیم بری طرح متاثر ہے۔ انفرسٹریکچر تباہ ہو چکا ہے ۔نسل نو کے مستقبل کو تاریک کردیا گیا ہے۔ ان سارے مسائل کا حل یہی ہے کہ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ جماعت اسلامی کشمیرکی آزادی اور نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے لوگوں نے جہاد کے ذریعے دونوں خطے آزاد کروائے ہیں بقیہ کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری ہے۔ ہندوستان75برس سے مسلسل مظالم کی انتہا کررہا ہے۔ کشمیریوں کو انسانی حقوق سے محروم کردیا گیا ہے۔ قابض بھارتی فوج جنگی جرائم کی مرتکب ہورہی ہے۔ ہندوستان نے آگے بڑھ کر 5اگست2019ء کو کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر کے ہندوستان کی یونین میں ضم کردیا جو کہ عالمی قوانین اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی شدید خلاف ورزی ہے۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش پر عمل پیرا ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت پاکستان اپنا کردار ادا نہیں کررہی۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اول روز سے کشمیرکی آزادی کی پشتیبان ہے اور صبح آزادی تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہے گی ۔پاکستان کے 22کرو ڑ عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قائمقام امیر جماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمان نے کہاکہ وادی نیلم کے عوام نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے بے پناہ قربانیاں پیش کی ہیں۔ جماعت اسلامی یہاں کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان وادی نیلم کے شہداء کو وہی معاوضہ فراہم کرے جو پاک فوج کے شہداء اور زخمیوں کو دیاجارہا ہے۔ یہاں کے عوام پاکستان کے بلا تنخواہ سپاہی ہیں۔ کشمیری پاکستان کی بقاء ،سلامتی اور تکمیل کی جنگ لڑرہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کریں۔ جماعت اسلامی مسائل حل کرے گی۔ یہ خطہ ہمارے اسلاف نے اسلام کی سربلندی اور اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے آزاد کرایا تھا لیکن بد قسمتی سے اسلامی نظام نافذ نہیں ہوسکا جماعت اسلامی شہداء کے مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہد کررہی ہے ۔