غیر منصفانہ بھارتی عدالتی کارروائی کے خلاف یاسین ملک کی بھوک ہڑتال کل شروع ہوگی


نئی دہلی(صباح نیوز) نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین یاسین ملک اپنے خلاف جعلی مقدمات اور غیر منصفانہ بھارتی عدالتی کارروائی کے خلاف  کل غیر معینہ مدت تک کے لئے بھوک ہڑتال شروع کریں گے ۔

گزشتہ ماہ  این آئی اے عدالت نے منی لانڈرنگ کے الزام میں انہیں عمر قید اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی  جبکہ ان کے خلاف جموں میں سی بی آئی اور ٹاڈا کورٹ میں الگ الگ مقدمات زیر سماعت  ہیں۔

جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان رفیق ڈار کے مطابق محمد یاسین ملک  نے اپنے خلاف دائرکردہ جملہ فرضی و من گھڑت مقدمات میں غیر منصفانہ عدالتی کارروائی  اور انہیں عدالتوں میں جسمانی طور پر پیش نہ کرنے پر 22  جولائی سے غیر معینہ مدت تک کے لئے بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا تھا ۔

بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کی اطلاع انہوں نے حکومت ہندوستان کو جیل حکام کی وساطت سے ایک خط کے ذریعے دی ہے۔  13جولائی کو  جموں میں ایئرفورس مقدمے کی سماعت کے دوران تہاڑ جیل سے آن لائن پیشی پر یاسین ملک نے فاضل جج کو منصفانہ عدالتی سماعت اور اپنی جسمانی حاضری پر ایکبار پھر استفسار کرتے ہوئے واضح کیا تھا  کہ اگر حکومت ہندوستان نے حق و انصاف پر مبنی میرے یہ قانونی مطالبات تسلیم نہیں کئے تو وہ درج بالا تاریخ سے جیل میں بھوک ہڑتال کا آغاز کریںگے۔ محمد یاسین ملک نے گذشتہ عدالتی سماعت سے ایک روز قبل یعنی  12جولائی سے اس بھوک کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔