مظفرآباد (صباح نیوز) یوم الحاق پاکستان کے سلسلے میں پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیراہتمام مظفر آباد میں عوامی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں بزرگوں ، بچوں اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی میں شریک لوگوں نے پاکستان ، آزادی کشمیر اور شہداء کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔
ریلی کی قیادت پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی ، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے وائس چیئرمین مشتاق السلام ، معروف عالم دین عبدالعزیز علوی ، پاسبان حریت کے وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم ، ہیومن رائٹس کے صدر بلال احمد فاروقی ، مہاجرین 1989ء کے رہنماؤں محمد اقبال اعوان ، علی محمد بٹ ، چوہدری محمد اسماعیل ، راجہ زخیر خان ، محمد اسماعیل خان ، اسلم اعوان ، ڈاکٹر محمد منظور ، چوہدری محمد ریاض ، تحریک جوانان کے صدر راجہ ظہیر خان ، ریاض احمد اعوان اور اقلیت رہنمائ فیضان ریاست نے کی۔
مقررین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج چوہتر سال کے بعد بھی ریاست کے عوام 19 جولائی 1947ئ کی قرارداد کی تجدید کر رہے ہیں۔ 19 جولائی 1947ئ کو سرینگر میں پاس کی گئی کشمیری قیادت کی تاریخی قرارداد مسلمانانِ کشمیر کی پاکستان کے ساتھ نظریاتی اور فکری وابستگی کا عملی اظہار تھی۔ انکا کہنا تھا کہ 19 جولائی کو الحاق پاکستان کی پاس کی گئی قرارداد ریاست جموں کشمیر کی غالب مسلم اکثریت کی خواہشات اور امنگوں کی ترجمان تھی۔
مقررین نے کہا کہ تقسیمِ ہند سے قبل ہی ریاست جموں کشمیر کی نبض شناس قیادت بھارتی حکمرانوں کی سازشوں کو بھانپ چکے تھے اسی لیئے انہوں نے 19 جولائی کو قرارداد پاس کرکے ہند سے بیزاری اور آزادی کا اعلان کیا تھا۔ مقررین نے کہا کہ بابائے حریت سید علی گیلانی نے “اسلام کی نسبت سے ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے” کا نعرہ لگا کر 19 جولائی 1947ء کی قرارداد کی توثیق کر کے کشمیری عوام کو رہنمائی دی۔ کشمیر کے چپے چپے میں لاکھوں کشمیری شہریوں کا “پاکستان سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ” کے نعرے بلند کرنا 19 جولائی کی قرارداد کی توثیق کرنا ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ کشمیری نوجوانوں کا بھارتی بندوقوں کے سامنے پاکستانی پرچم لہرا اور سینوں پر سجا کر گولیاں کھانا 19 جولائی کی قرارداد کی توثیق کرنا ہے۔ مقررین نے کہا کے ہزاروں کشمیری نوجوانوں کا پاکستانی پرچموں میں دفن ہونا دراصل اسلام کے نام پر بننے والے ملک پاکستان کے ساتھ فکری وابستگی اور 19 جولائی کی قرارداد کی تجدید ہے۔ بھارت کے زیرقبضہ جموں کشمیر کے عوام میں پاکستان ایک عشق ، جنون اور نظریے کی طرح موجود ہے۔
بھارت تمام تر ظلم اور جبر کے باوجود کشمیری عوام کے دلوں سے جذبہ آزادی اسلام اور پاکستان کے ساتھ والہانہ محبت کو ختم کرنے میں مکمل طور ناکام ہوچکا ہے۔ مقررین نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کیمطابق آزادانہ ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ طور پر حق خودارادیت کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ الحاق کی کوشش کررہے ہیں۔ ریلی کے شرکاء نے دارالحکومت کے گھڑی پن چوک سے برہان وانی شہید چوک تک مرکزی شاہراہ پر مارچ کیا۔۔