کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ پر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے صاحبزادے احمد سے ملاقات کی اوراظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امراء ڈاکٹر اسامہ رضی، مسلم پرویز، ڈپٹی سکریٹری یونس بارائی، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔
سراج الحق نے عصمت صدیقی مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی اور لواحقین و پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔سراج الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مرحومہ عصمت صدیقی حوصلہ مند خاتون تھیں،مرحومہ 19سال سے امریکی جیل میں قید اپنی صاحبزادی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا آخری وقت تک انتظار کرتی رہیں۔ان کے ساتھ بڑا ظلم کیا گیا، کافی عرسے سے فون پر رابطہ بھی منقطع تھا اور عدالت کے حکم کے باوجود حکومت پاکستان نے ڈاکٹر عافیہ کے اہل خانہ سے رابطہ نہیں کرایا ، پرویز مشرف کے دور حکومت میں قوم کی بیٹی کو امریکہ کے حوالے کیا گیا۔ اس کے بعد کئی حکومتیں آئیں اور ہر حکومت نے وعدہ بھی کیا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی مگر بد قسمتی سے کسی بھی حکومت نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا اور ان کی رہائی و وطن واپسی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا،موجودہ حکومت اب سنجیدہ کوششیں کرے تاکہ ان کی رہائی ممکن ہو سکے
سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے حوالے سے جدو جہد کی ہے ہماری یہ جدو جہد جاری رہے گی۔
ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے انہیں بتایا کہ سابقہ حکومتوں کی طرح شہباز شریف کی حکومت کی جانب سے بھی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے معاملے میں پیشرفت صفر ہی ہے۔
جما عت اسلامی کے امیر سراج الحق نے اس موقع پر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو یقین دہانی کرائی کہ جماعت اسلامی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی تک اہلخانہ کا بھرپور ساتھ دے گی۔