اسلام آباد(صباح نیوز)پاک فضائیہ کی جانب سے کراچی کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں جس دوران متاثرہ خاندانوں میں غذائی اشیاء اور اجناس کے راشن پیکٹ تقسیم کئے گئے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی خصوصی ہدایات پر پاک فضائیہ کی ٹیمیں کراچی کے بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ نے بتایا کہ پی اے ایف کی ٹیمیں ان ضرورت مند خاندانوں کی مدد کو پہنچ رہی ہیں جن کے گھر اس قدرتی آفت میں ڈوب گئے۔
ترجمان نے کہا کہ پاک فضائیہ کی جانب سے حالیہ طوفانی بارشوں میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کے ضرورت مند خاندانوں میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر راشن پیک، جن میں بنیادی غذائی اشیاء اور اجناس جیسے آٹا، چاول، چینی، تیل، دالیں وغیرہ تقسیم کی گئیں ۔