وزیراعظم کا نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے کو جلد بحال کرنے کا حکم


لاہور(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس، بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے میںطویل ٹیل ریس واٹرٹنل کی بندش کے باعث پاور ہاوس سے بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی، وزیراعظم نے  969 میگا واٹ بجلی کے حامل منصوبے میں فنی خرابی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انکوائری اور اسے جلد بحال کرنے کا حکم دیا،کہا ہم ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے کمپنیز کی پری کوالیفیکیشن اور تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ کا موثر نظام لا رہے ہیں۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس بدھ کے روز ہوا، جس میں  969 میگا واٹ بجلی کے حامل نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے میں فنی خرابی کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی، وزیر توانائی انجینئرخرم دستگیر، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران  وزیراعظم کو اس منصوبے کی خرابی کی نوعیت اور بحالی کے کام پر پیش رفت سے تفصیلا آگاہ کیا گیا۔وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے ساڑھے 3 کلومیٹر طویل ٹیل ریس واٹرٹنل کی بندش کے باعث پاور ہاوس سے بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی اور یوں بدقسمتی سے حالیہ شدید گرمی کے موسم میں قومی گرڈ 969 میگا واٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی سے محروم ہو گیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے 969 میگا واٹ بجلی کے حامل نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے میں فنی خرابی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے واقعے کا سخت نوٹس لیا اورمتعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ واقعے کی فوری طور پر مستند عالمی اداروں سے انکوائری کرانے کے ساتھ ساتھ پلانٹ کی بحالی کا کام جلد از جلد مکمل کریں۔  وزیراعظم نے اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاکر عوام کو جلد از جلد ریلیف پہنچانے کے احکامات جاری کیے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہم ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے کمپنیز کی پری کوالیفیکیشن اور تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن کا موثر نظام لا رہے ہیں۔