عید الاضحی کی اصل روح ہم وقت اطاعت اور تسلیم و رضا میں پوشید ہے،دردانہ صدیقی


کراچی (صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے عید الاضحی کے پر مسرت موقع پر پوری امت مسلمہ کو بالعموم اور پاکستانی قوم کو خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی صرف ایک مذہبی تہوار ہی نہیں بلکہ اس جذبہ قربانی و ایثار کا نام ہے جس نے حضرت ابراھیم علیہ السلام کو اپنے بیٹے کی گردن پر چھری رکھنے پر مجبور کر دیا۔ اللہ تعالی ہم سب کی قربانیاں قبول فرمائے۔اس فریضہ کی اصل روح جانور کی قربانی میں نہیں بلکہ ہمہ وقت اللہ کی اطاعت اور تسلیم و رضا میں پوشیدہ ہے۔عید الاضحی ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی جذبہ اطاعت و فرمانبرداری سے لبریز گفتگو یاد دلاتی ہے جو قیامت تک کے لئے مشعل راہ اور تسلیم و رضا کی یادگار مثال ہے۔حضرت ابراھیم علیہ السلام،حضرت اسماعیل علیہ السلام اوربی بی جاجرہ علیہ السلام نے اطاعت خداوندی کی شاندار مثال قائم کی۔

دردانہ صدیقی نے مزید کہا کہ عیدالاضحی ہمیں سیدہ حاجرہ علیہ السلام کی ایثار و قربانی اور بہترین تربیت اولاد کی طرف بھی متوجہ کرتی ہے۔حضرت حاجرہ علیہ السلام بہترین ماں اور بہادر رفیقہ حیات تھیں جنہوں نے مکہ کے بیابان میں حضرت اسماعیل علیہ السلام کی ایسی تربیت کی کہ آج عیدالاضحی پر پوری امت مسلمہ انہیں داد شجاعت پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر دور حاضر کی مائیں سیرت سیدہ حاجرہ علیہ السلام پر عمل پیرا ہو کر اپنے بچوں کی اسی انداز میں تربیت کریں کہ نوجوان نسل امت محمدیہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیغام کو پھیلانے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں محسوس کریں اور اقامت دین کا فریضہ بہتر انداز میں انجام دے سکیں۔

دردانہ صدیقی نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر ہمیں چاہیئے کہ ہم عید الضحی مظلوم مسلمانوں بالخصوص کشمیر،فلسطین،شام، بھارت کے مسلمانوں کی دین کی سرپلندی کی خاطر ان گنت قربانیوں کو یاد رکھیں اور مظلوم مسلمانوں کو دعاں میں شامل رکھیں۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کا پیغام یہی ہے کہ تمام مسلمان اپنی زندگیاں اللہ کی رضا کے حصول کے لئے مخصوص کر دیں۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کو سامنے رکھتے ہوئے دین کی خاطر تکالیف کو صبر و ہمت سے برداشت کریں اور عزم و استقلال کا دامن نہ چھوڑیں۔