کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اپنی اناسمیت تمام ترخواہشات کورب کی رضاکی خاطرقربان کردینے کا نام سنت ابراہیمی ہے۔قربانی قربت الہٰی کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہے۔اس میں بندہ مومن اپنی زندگی کی متاع عزیز کوبھی اللہ کی راہ میں قربان کرنے کے لیے ایمانی جذبہ سے سرشاررہتا ہے۔زندگی کے ہردائرے میں احکام خداوندی کی پیروی اورپیاری سے پیاری چیز اللہ کی راہ میں قربان اور اللہ کے ہرحکم پرسرتسلیم خم کرنا عیدالاضحی کا اصل پیغا ہے۔
صوبائی امیر نے عیدالاضحیٰ پرجاری اپنے پیغام میں مزید کہاکہ حضرت ابراہیم خلیل اللہ نے اپنے فرزند حضرت اسماعیل کو اللہ کی رہ میں قربان کرنے کے عزم کے ذریعے رہتی دنیا تک کو یہ درس دیا کہ وہ اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی پیش کرکے اللہ تعالیٰ کے لیے ہمارا سب کچھ مال وودولت حتیٰ کہ ہماری اپنی جانیں بھی قربان ہونے کے لیے تیار ہیں۔صوبائی امیرنے زوردیاکہ عیدقرباں کے موقع پرصفائی ستھرائی کاخاص خیال رکھا جائے ،اسلام میں صفائی کو نصف ایمان کا درجہ دیا گیا ہے،قربانی کا گوشت مستحق لوگوں ،رشتیداروں،پڑوسیوںمیں تقسیم کرکے عیدکی خوشیوں میں ان کوبھی شامل رکھا جائے۔