اسلام آباد(صباح نیوز)پمز میں خاتون مریضہ کی موت،ہسپتال ڈائریکٹر سمیت 4افسران معطل،وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ وزارت حکام کو غفلت برتنے پر زیرو ٹالرنس کی ہدایات جاری کردیں ہیں۔
پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال گائنی وارڈ میں خاتون کی موت کا واقعہ، وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے ڈائریکٹر ہسپتال کو معطل کر دیا۔ سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان میں عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ عوام الناس کی جان کی قیمت کوئی بھی ادا نہیں کر سکتا، وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ وزارت حکام کو غفلت برتنے پر زیرو ٹالرنس کی ہدایات جاری کردیں ہیں۔
اس واقعہ میں سربراہ شعبہ متعدی امراض،فارمیسی انچارج اور ڈائریکٹر ایم سی ایچ کو بھی معطل کر دیا گیا۔واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں پمز ہسپتال کے زچہ بچہ سینٹر میں ستائس سالہ شاہ تاج کی موت پر وزیر صحت نے نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔