اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے آزادکشمیر میں حالیہ بارشوں کے دوران ہونے والے نقصانات کی رپورٹ طلب کر لی۔
وزیر اعظم سردار تنویر الیاس نے انتظامیہ کو کسی بھی نا گہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔
ضلعی انتظامیہ، سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں اور دیگر متعلقین کو ہدایت کی کہ لینڈ سلائیڈنگ والی جگہوں کا معائنہ کر کے لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے وزیر اعظم آفس کو آگاہ رکھا جائے۔ تمام رابطہ سڑکیں جلد از جلد بحال کی جائیں اور لوگوں کو شاہرات کی صورتحال سے اپ ڈیٹ رکھا جائے۔لینڈ سلائیڈنگ والی جگہوں پر مشینری کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنائی جائے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کسی بھی جگہ بارشوں سے جانی و مالی نقصان ہوا ہے تو فوری طور پر متاثرین کو ریلیف و امدادی سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔