مظفرآباد(صباح نیوز)آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان دورہ روزہ دورے پر مظفرآباد پہنچ گئے۔ دورے کے دوران مختلف تقریبا ت میں شرکت کی اور مسلم کانفرنس کے سینئر کارکنان وعہدیداران سے ملاقاتیں کیں۔
مسلم کانفرنسی کارکنان وعہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے قائدمسلم کانفرنس نے کہاکہ مسلم کانفرنس نظریہ الحاق پاکستان کی ضامن، تحریک آزادی وریاستی تشخص کی علامت ہے۔ مسلم کانفرنس کشمیری عوام کی امنگوں کی ترجمان ہے۔
انہوں نے کہاکہ مسلم کانفرنس کسی حادثے کی پیدوار نہیں ریاستی جموں وکشمیر میں بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کی نمائندہ جماعت ہے۔ انہوں نے کہاکہ مجاہد اول سردارعبدالقیوم خان کا دیا ہوا نعرہ”کشمیر بنے گا پاکستان” کارکنان گھر گھرپہنچارہے ہیں۔
قائدمسلم کانفرنس سردارعتیق احمدخان نے ضلع کولگام میں کشمیری نوجوان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہہندوستانی فوج جوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کررہی ہے جو ریاستی دہشت گردی کی ایک واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج جعلی مقابلوں میں نوجوانوں کو شہید کررہی ہے تاکہ تحریک کوختم کیاجاسکے مگر ہندوستان اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکے گا۔
کشمیر ی عوام آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزادہو کر پاکستان کا حصہ بن جائے گا۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بے گناہ شہریوں کے قتل پر اپنی مجرمانہ خاموشی ترک کرے۔ریاست جموں وکشمیر کو عملاً دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کررکھا ہے ،50لاکھ سے زائد غیر ریاستی آر ایس ایس کے انتہا پسند ہندوئوں کو ڈومسائل جاری کیے جارہے ہیں اسرائیل طرز پر بستیاں بسانے کے منصوبے پر گامزن ہے ریاست جموں وکشمیر کی ڈیموگرافی کو تبدیل کر کے مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کی جارہی ہے عالمی برادری ہندوستان کے مجرمانہ فعل کے تدارک کے لیے اپنا مطلوبہ کردار ادا کرے ،کشمیری اپنے پیدائشی حق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں یہ حق اقوام متحدہ کا چارٹر انہیں فراہم کرتا ہے آزادی کی اس جدوجہد میں 5لاکھ سے زائد شہداء پیش کیے ہیں آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں مزید ہندوستانی فوج کو تعینات کیا جارہا ہے ہندوستان کشمیریوں پر مظالم کی انتہا کررہا ہے بین الاقوامی برادری آگے بڑھ کر اپنا مطلوبہ کردار ادا کرے ،عالمی برادری بالخصوص یورپی یونین اور اقوام متحدہ کو مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے اور تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔