اسلام آباد کی 101 یونین کونسلز میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری


اسلا م آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں لوکل گورنمنٹ کیلئے بلدیاتی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کردیا، اسلام آباد میں بلدیاتی حلقہ بندیاں 28 جون سے 21 جولائی تک کی جائیں گی،حتمی فہرست 26 اگست کو جاری کی جائے گی۔

 الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت  میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کردیا، اسلام آباد میں بلدیاتی اداروں کیلئے حلقہ بندیاں  28 جون سے 21 جولائی تک کی جائیں گی، ابتدائی فہرست 22 جولائی کو شائع کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 23 جولائی سے 7 اگست تک ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات دائر کیے جاسکیں گے، جبکہ  الیکشن کمیشن وفاقی دارلحکومت  میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 26 اگست کو جاری کریگا۔

الیکشن کمیشن نے بدھ کے روز  اسلام آباد ہائیکورٹ کو یقین دہانی کرائی تھی کہ اسلام آباد میں پچاس کے بجائے اب 101 یونین کونسلز میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے، عدالتی حکم پر الیکشن کمیشن نے انتخابات کا نیا شیڈول جاری کرنے موقف اپنایا تھا۔الیکشن کمیشن نے 31 جولائی کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا شیڈول جاری کیا گیا۔