اقوام متحدہ حیدر پور سرینگر میں شہریوں کے ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کے لئے ایک خودمختار،طاقتور کمیشن قائم کرے، مشعال ملک


اسلام آباد(صباح نیوز)جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین یاسین ملک کی اہلیہ اور امن و ثقافت تنظیم کی چیرپرسن مشعال ملک نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے قتل عام میں اضافہ پر فاشسٹ بھارتی حکومت کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ظالم بھارتی فوج کے ہاتھوں حیدر پور سرینگر میں شہریوں کے ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کے لئے ایک خودمختار اور طاقتور کمیشن تشکیل دے،

اپنے ایک ویڈیو بیا ن میں مشعال ملک نے کہاکہ حیدر پورہ  میںتین شہریوں ڈاکٹر مدثرگل ،الطاف بٹ، اور محمد امین  کے قتل عام نے ہندو تواانتظامیہ کا ظالمانہ اور وحشی چہرہ بے نقاب کردیا ہے انہوں نے کہاکہ قابض حکام کے ظلم وتشدد اور ریاستی دہشت گردی کا اس حقیقت سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ شہداء کے خاندانوں کے ممبران کو صرف اس مطالبہ پر حراست میں لیا گیا کہ وہ اپنے پیاروں کی لاشیں حوالے کرنے کا مطالبہ کررہے تھے

،مشعال نے کہاکہ کشمیر صدیوں سے خون کے آنسو رو رہا ہے،کشمیر صدیوں سے خون میں نہا رہا ہے ،بہہ رہا ہے،کشمیر کے بچے بچے ،اگلی نسلوں، پچھلی نسلوں ہر ایک نے قربانی دی شہادت دی ہے،کیا قصور ہے کشمیریوں کہ وہ کربلا میں مبتلا ہیں.

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم ہے جو ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا،ہر روز کشمیرمیں بھارتی دہشت گردی بڑھتی جارہی ہے،حال ہی میں حیدپورہ میں جو جعلی انکاونٹر ہوا ہے اس میں 9 سے زیادہ لوگوں کو شہید کر دیا گیا ہے،جس طرح وہاں سول سوسائٹی کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے اسکی مثال نہیں ملتی،

انہوں نے کہاکہ کشمیر میں ایک 18 ماہ کی بچی جو اپنی ماں کے ساتھ ہندوستان سے چیخ چیخ مطالبہ کر رہی ہے کہ اسکو بابا کو واپس کیا جائے،اس بچی کی ویڈیوز دیکھ کر دل پھٹ رہا ہے،اس بیچاری بچی کو یہ نہیں پتہ کو کہ بھارت نے جس طرح اس کے والد کو شہید کیا اس پر وہ قہقہے لگا رہا اسکی پرموشن کر رہا ہی اور کتنے ظلم سہیں کشمیری ۔۔؟

انہوں نے کہاکہ کشمیرمیں جعلی مقا بلوں کے دوران کشمیریوں کی قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں ہلاکتیں  اب معمول بن گیا ہے کیونکہ سیکورٹی فورسز کو کشمیریوں کو قتل کرنے پر انعامات سے نوازا جاتا ہے ،

مشعال ملک نے حیدر پورہ میں شہریوں  کے قتل عام کی تفصیلی عدالتی انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اس گھناونے اور دہشت گردانہ واقعے میں ملوث مجرموں کو سزا دی جائے انہوں نے کہا عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ کے اداروں کو آگے آکر کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لینا چاہیے جن کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ اپنا حق خودارادیت کا مطالبہ کررہے ہیں