پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس کل طلب


اسلام آباد (صباح نیوز)پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل (بدھ)دن تین بجے طلب کر لیا گیا۔ اجلاس ان کیمرہ ہو گا۔پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس قومی اسمبلی ہال میں منعقد ہو گا۔

ایک نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں عسکری اور سول حکومت کے حکام قومی سلامتی کے امور پر بریفنگ دیں گے۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی جانب سے اجلاس میں شرکت کے حوالہ سے پارلیمنٹ میں موجود تمام پارلیمانی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کو خطوط لکھ دیئے گئے ہیں۔ اجلاس میںاعلیٰ عسکری حکام بھی شرکت کریں گے۔

اجلاس میں قومی سلامتی کے امور کے حوالہ سے عسکری اداروں کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی اور آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی اور مشاورت کی جائے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس قومی اسمبلی کے ایوان میں منعقد کرنے کے حوالہ سے تحریک منظور کی گئی تھی۔ تحریک وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔