اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس پر سیاسی جماعت پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ ہو گیا اور اب ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت کا سلسلہ ختم ہو گیا، پی ٹی آئی نے تمام سماعتوں پر تفصیل پیش کی اور سکروٹنی ہوئی۔ ہمارے پاس سارا ریکارڈ ہے کہ بینکنگ کے ذریعے پیسہ ٹرانسفر ہوا، الیکشن کمیشن کا کردار واضح ہے اور الیکشن کمیشن سماعت مکمل کر چکاہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتوں کے فیصلوں پر عمل درآمد کرایا جائے اور سکروٹنی کی رپورٹ منگوا کر فیصلہ ہونا چاہیے، ممنوعہ فنڈنگ پر کسی سیاسی جماعت پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی اور اب الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کا فیصلہ ایک ساتھ کرے۔
انہوں نے کہا کہ ڈالر نے پاکستان کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا اور انٹر بینک میں ڈالر 213روپے 20پیسے کا ہو گیا۔ امپورٹڈ حکومت نے تباہی مچا دی اور صنعتوں کا قتل عام ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیکٹریاں بند ہونے سے مزدور بیروزگار ہو رہا ہے اور مہنگائی کا طوفان قابو سے باہر ہے۔