لاہور (صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کے زیر اہتمام 25 خاندانوں میں شادی باکس تقسیم کیے گئےـاس حوالے سے ایک سادہ مگر پروقار تقریب کرامت کالونی کمیونٹی سنٹر میں منعقد ہوئی
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی سروسز کی مینجر افشاں طاہر نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں والدین کے لئے اپنی بچیوں کے ہاتھ پیلے کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے ـ الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ ہر ممکن کوشش کرتا ہے کہ معاشرے کے پسماندہ اور غریب طبقہ کی مشکلات دور کرنے میں اپنا کردار ادا کرےـ
اس حوالے سے یتیم بچوں کی کفالت، راشن کی فراہمی اور بچیوں کو شادی باکس فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی کام جاری ہے تا ہم انہوں نے کہا کہ ان نا مساعد حالات سے نمٹنے کے لئے ہمیں نمود و نمائش کی بجائے سادہ طرز زندگی اپنانا چاہیے ـ
انہوں نے شادی باکس حاصل کرنے والے خاندانوں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ماؤں سے کہا کہ بچیوں کے لئے اصل تحائف ان کی تربیت ہے تاکہ ان میں ایک خاندان کو محبت سے جوڑ کر رکھےـ