سیاسی استحکام کے بغیرملک ترقی نہیں کر سکتا ،احسن اقبال


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام کے بغیرملک ترقی نہیں کر سکتا، ملک میں آئین کی حکمرانی اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے۔

احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو مرضی ٹیکنوکریٹ بٹھا دیں سب فعل ہو جائیں گے، جس ملک میں سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل نہیں ہوگا وہ ترقی نہیں کر سکے گا۔ پاکستان کا مسئلہ سیاسی نظام نہیں ہے پاکستان کے آئین کی حرمت کو تسلیم نہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو مستحکم کر کے معاشی خوشحالی کا حصول ممکن ہے ،سیاسی استحکام کے ذریعے دنیا کے کئی ملکوں نے ترقی کی منازل طے کیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں آئین کی حکمرانی اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے، ہمیں پائیدار اور جامع بنیادوں پر جامع نظام کی ضرورت ہے جس کے لئے پاکستان کے نوجوانوں کو متفق ہو جانا چاہیے کہ آئین کی بالادستی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب کوئی ملک پاکستان میں ایک پیسہ لگانے کو تیار نہیں تھا چین نے سی پیک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی لیکن پچھلے دور حکومت کے چار سالوں میں سی پیک کے تحت کوئی سرمایہ کاری نہیں ہوئی۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے چار سٹریٹیجک پارٹنرز چین، یورپ، امریکہ اور خلیجی ریاستیں ہیں، ہم نے یورپ اور خلیجی ممالک کی مارکیٹ پر تو توجہ دی ہے لیکن چین کی مارکیٹ پر توجہ نہیں دی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے مسائل زیادہ جبکہ وسائل کم ہیں، رواں سال کا پی ایس ڈی پی 900 ارب روپے تھا جو اپریل تک کم ہو کر 500 ارب رہ گیا جبکہ چوتھی سہ ماہی کے لئے فنانس ڈویژن کے پاس ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کے لئے فنڈز نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کے لئے تحقیق کے میدان میں مزید آگے بڑھنا ہوگا،حکومت کی ترقیاتی ضرورتوں پر تحقیق ہونی چاہئے۔