نئے انتخابات کا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے،چیف الیکشن کمشنر


اسلام آباد (صباح نیوز)چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے لئے ہمیشہ تیار ہے،نئے انتخابات کا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے، ہمیں جب کہا جائے گا ہم الیکشن کروا دیں گے،الیکشن کمیشن کا کام صاف، شفاف اور غیر جانبدرارانہ انتخابات کا انعقاد ہے،قاسم سوری نے پی ٹی آئی کے ارکان کے استعفوں کا کیس الیکشن کمیشن کو نہیں بھجوایا۔

ان خیالات کااظہار چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب اور خیبرپختونخوا سے نئے تعینات ہونے والے اراکین الیکشن کمیشن بابر حسن بھروانہ اور جسٹس (ر)اکرام اللہ خان سے حلف لینے کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی غیر ملکی فنڈنگ کے معاملہ پر متعلقہ وکلا دلائل دے رہے ہیں ،الیکشن کمیشن تمام فریقین کو ہر ممکن موقع فراہم کررہا ہے ۔فارن فنڈنگ پر سماعت جاری ہے، صفائی کا موقع دیناضروری ہے، سماعت میں کیا کچھ ہوتا ہے صحافی بہترین جج ہیں۔الیکشن کمیشن اپنے فیصلے بلا خوف کرتا ہے اور کرتا رہے گا، فیصلوں سے کوئی ناراض ہوتا ہے یا راضی یہ ان کا مسئلہ ہے۔ سب ہمارے دوست ہیں الیکشن کمیشن آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کرتا ہے۔سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کا کیس الیکشن کمیشن کو نہیں بھجوایا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل مردم شماری کرانا چاہتی ہے، ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج دسمبر 2022تک ملے تو بروقت حلقہ بندیاں ہو سکتی ہیں، نتائج تاخیر کا شکارہوئے تو 2017کی مردم شماری کی بنیاد پر حلقہ بندیوں پر انتخابات ہوں گے۔ مردم شماری کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا مئوقف واضح تھا، مردم شماری سرکاری طور پر شائع ہونے سے قبل حلقہ بندیاں نہیں کی جاسکتیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دو نئے ممبران نے حلف اٹھالیا۔

الیکشن کمیشن آفس کے کانفرنس ہال میں تقریب حلف برداری منعقد ہوئی جس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے نئے ارکان سے حلف لیا۔الیکشن کمیشن کے ممبران میں بابر حسن بھروانہ نے پنجاب اور جسٹس (ر)اکرام اللہ خان نے ممبر خیبرپختونخوا کی حیثیت سے حلف لیا

تقریب حلف برداری میں الیکشن کمیشن حکام کے علاوہ ممبران کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔سیکرٹری الیکشن کمیشن عمرحمید خان نے نئے ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت نے دونوں ممبران کی تقرری کی، تمام صوبوں سے الیکشن کمیشن کے ممبران مکمل ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ جسٹس ر اکرام اللہ خان کا تعلق سوات اور بابر حسن بھروانا کا تعلق  جھنگ سے ہے۔