پاکستان کیخلاف کسی قسم کی بھی جارحیت کرنے والوں کاانجام عبرت ناک ہوگا،، صادق سنجرانی


اسلام آباد(صباح نیوز)  چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے یوم تکبر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 28مئی1998 پاکستانی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش دن ہے۔اس دن ایٹمی دھماکوں کے ذریعے پیغام دیا گیا کہ پاکستان کیخلاف کسی قسم کی بھی جارحیت کرنے والوں کاانجام عبرت ناک ہوگا۔پاکستان نے ایٹمی دھماکے کر کے دشمن ملک بھارت کی برتری کا غرور خاک میں ملا دیا۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ایٹمی صلاحیت نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔ پوری قوم کو ایٹمی طاقت ہونے پر فخر ہے۔یوم تکبیر پاکستانی قوم کے لیے قومی غیرت، قوم کی بے مثال جرات و بہادری کی علامت کا دن ہے اورپاکستان ایٹمی طاقت ہونے کے باعث مسلم امہ میں منفرد حیثیت رکھتا ہے۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ قومی یکجہتی،ایٹمی سائنسدانوں اور پاک افواج کی قابل ستائش خدمات کی بدولت پاکستان کو ایک ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کے لیے قومی قیادت کے غیر متزلزل عزم کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔