شدید گرمی ،ہیضہ ، ڈائریا،ٹائیفائیڈجیسی بیماریاں پھیلنے لگیں


  بورے والا(صباح نیوز)شدید گرمی کی لہر کے باعث مختلف بیماریوں میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ،ہیضہ،ڈائریا،پیلا یرقان اور ٹائیفائیڈ جیسے بیماریاں پھیلنے لگیں ،سرکاری و نجی ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بڑھ گیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے سے جاری گرمی کی شدید لہر کی وجہ سے مختلف قسم کی موسمیاتی بیماریوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو آرہا  شدید گرمی کے باعث ہیضہ،ڈائریا(پیچس)،پیٹ کے امراض،پیلا یرقان اور ٹائیفائیڈ کی بیماری میں مبتلا افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا جن میں زیادہ تعداد پولیس اہلکاروں،مزدوروں اور بچو ںکی سامنے آرہی ہے، پولیس اہلکار اور مزدور طبقہ سارا دن دھوپ میں کام کرنے جبکہ معصوم بچے سکول سے واپسی پر ہیٹ ویو کا شکار ہوکر ان بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔

سرکاری و نجی ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بڑھ گیا ،اس صورتحال میں طبی ماہرین ڈاکٹر محمد عمران بھٹی،ڈاکٹر ظفر اقبال مرزا،ڈاکٹر اختر حسین اور دیگرنے کہا ہے کہ بلاوجہ گھروں سے باہر نہ نکلیں،سروں کو ڈھانپ کر رکھیں،پانی کا زیادہ استعمال کریں تین وقت کی بجائے دو وقت کا تازہ کھانا کھائیں دوپہر کو کھانے میں سلاد،لیموں اور پودینے کا استعمال کریں اورفریج میں پڑے کھانوں سے پرہیز کریں۔