ملک کے مختلف شہروں میں شدید گرمی، سبی،ڈی جی خان میں پارہ 49 ہوگیا


اسلام آباد(صباح نیوز) ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور آج اب تک سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی اور ڈیرہ غازی خان میں 49 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا ۔

محکمہ موسمیات کیمطابق لاڑکانہ میں پارہ 46، سکھر 44، فیصل آباد، سرگودھا اور جھنگ میں 43، حیدرآباد 41 جب کہ پشاور اور کراچی کا درجہ حرارت 40 ڈگری تک جا پہنچا ہے۔اس کے علاوہ لاہورمیں 39 اور اسلام آباد میں پارا 38 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے سندھ میں گرمی کی حالیہ لہر 16 مئی تک برقرار رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہیکہ ہوا کا زائد دبا ملک میں شدید گرمی کی لہر کا باعث بنا ہوا ہے، گرمی کی شدید لہر پورے سندھ میں پھیل گئی ۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ 11 سے 4 بجے کے دوران شہری باہرنکلنے میں احتیاط کریں۔

پنجاب میں گرمی کی شدت میں اضافے کا الرٹ جاری

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ ہفتے گرمی کی شدت میں اضافے کا الرٹ جاری کر دیا۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں آئندہ ہفتے ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مراسلے کے مطابق آئندہ ہفتے بالائی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری مزید بڑھ جائے گا۔وسطی اور جنوبی پنجاب میں دن کا درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ گرمی اور خشک موسم کے باعث آبی ذخائر، سبزیوں، پھلوں کے باغات کو پانی کی کمی کا خطرہ ہے۔

مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ زیادہ گرمی کے باعث آئندہ ہفتے دریائوں میں پانی کا بہائو بڑھنے کا بھی خطرہ ہے۔ کسان موسمی حالات کے مطابق فصلوں کو پانی دینے کا مناسب اقدام کریں۔