اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وزیر اعظم خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کی اہلیہ اعزااسد رسول کامسیٹس یونیورسٹی کی ایک کروڑ86لاکھ روپے کی نادہندہ نکلیں۔اعزااسد رسول سرکاری خرچ پر2011میں پی ایچ ڈی کرنے امریکہ گئیں تاہم 11سال گزرنے کے باوجود واپس پاکستان نہ آئیں۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق جب مارچ 2011میں اعزا اسد رسول کامسیٹس یونیورسٹی سے سکالرشپ لے کر پی ایچ ڈی کرنے امریکہ گئیں تواس وقت ان کی شادی ڈاکٹر شہباز گل سے نہیں ہوئی تھی ۔ جون میں اعزا اسد رسول کا کامیسٹس یونیورسٹی سے معاہدہ ہو ا جس کے بعد وہ امریکہ کی الیانائز یونیورسٹی چلی گئیں جہاں پر شہباز گل ملازمت کرتے ہیں۔ دستمبر 2011میں اعزااسد رسول کی شہباز گل سے شادی ہوئی۔
اعزا اسد رسول نے معاہدے کے مطابق 99ہزار امریکی ڈالرز کی سکالرشپ جو کہ پاکستانی روپے میں ایک کروڑ86لاکھ روپے بنتے ہیں میں پی ایچ ڈی کرنی تھی اور لیبر اینڈ انڈسٹریل ریلیشنز میں پی ایچ ڈی کر کے واپس کامسیٹس یونیورسٹی میں آنا تھا اور کام بھی کرنا تھا۔
اعزااسد رسول نے 2016تک پی ایچ ڈی مکمل کرنا تھی ۔2018میں جب کامیسٹس یونیورسٹی نے سکالرز سے ریکوری کا پراسیس شروع کیاتو شہباز گل نے یونیورسٹی کو ڈرایا دھمکایا کہ وہ یہ پراسیس شروع نہ کرے اور اس پراسیس کو طول دیں۔
معاہدے کے مطابق اعزااسد رسول نے یونیورسٹی کو سکالرشپ سے25فیصد اضافی رقم دینی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق چار روز قبل الزامات کے حوالے سے شہباز گل کو سوالنامہ بھی بھیجا گیا تاہم انہوں نے اس کا کوئی کوئی جواب نہیں دیا۔