رمضان المبارک میں 10گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ قابل مذمت، عوام کو ریلیف دیا جائے،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے رمضان المبار کے بابرکت مہینے میں لوڈ شیڈنگ کے جن کے بے قابو ہونے پر اپنے شدید غم و غصے کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں شار ٹ فال 7969میگاواٹ تک پہنچنے سے 10گھنٹے لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ ماہ مقدس میں لوگوں کو سحر و افطار میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیداوار 18 ہزارمیگا واٹ اور طلب26ہزار میگاواٹ ہے۔لاسز والے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے۔ متعدد علاقوں میں بجلی کی عدم دستیابی کے باعث پانی بھی نایاب ہوچکا ہے، لوگ سراپا احتجاج ہیں۔لوگ بھوکے پیاسے روزے رکھنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی ماضی کی حکومتوں کا تسلسل ہے۔ ملک و قوم کو درپیش مسائل کا حل صرف اور صرف فوری انتخابات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف عوام کو لوڈ شیڈنگ کی عفریت کا سامنا ہے تو دوسری طرف رہی سہی کسر ڈیزل کی قلت نے پوری کردی ہے ۔ لوگ گھنٹوں قطاروںمیں لگ کر ڈیزل لینے پر مجبور ہیں۔ آئل کمپنیوں کی جانب سے محدود سپلائی کے باعث عوام الناس کو اذیت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ کاشتکاروں سمیت گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹروں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو ریلیف میسر ہو۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تقسیم کار کمپنیوں کے فیڈرز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے روڈ میپ تشکیل دے کر لوڈ شیڈنگ کو قابو کیا جائے اور ڈیزل بحران کے ذمہ داروں سمیت منافع خوروں کے خلاف بلا تفریق ایکشن لیا جائے۔ زبانی کلامی اقدامات سے عوام کو درپیش مسائل حل نہیں ہوسکتے۔تحریک انصاف کے دور حکومت کے آخری 9ماہ کے دوران 2560ارب روپے کا بجٹ خسارہ ہوا ۔