راولپنڈی میں سٹریٹ کرائم بڑھنے سے شہری اضطراب کا شکار


راولپنڈی (صباح نیوز)راولپنڈی تھانہ نیو ٹاؤن اور تھانہ بنی کی حدود میں سٹریٹ کرائم بڑھنے سے علاقہ مکین اضطراب کا شکار ہے، تھانہ نیوٹاؤن کی حدود میں گذشتہ رات ایک نوجوان سے قیمتی موبائل فون چھین لیا گیا، تھانہ بنی کی حدود میں اصغر مال سکیم کے نزدیک خالقداد روڈ پر رات گئے موٹرسائیکل سوار پیدل راہگیروں پر پتھراؤ ئوکر کے موٹر سائیکل پر بھاگ گئے پتھراؤ سے ایک بزرگ شہری سمیت دو افراد زخمی ہوئے،ایک متاثرہ نوجوان نے تھانہ بنی میں اس واقعہ سے متعلق اطلاع بھی کی ہے۔

خالقداد روڈ کے نزدیک ہی معروف مسجد کے قریب مارکیٹ میں دودھ فروش کی دوکان پر مسلح شخص داخل ہوا اور لوٹنے کی کوشش کی،دوکاندار نے اسے پکڑ کر شور مچایا جس پر اس نے ہوائی فائرنگ شروع کر دی اور لوگوں کے خوف وہراس کا فائدہ اٹھا کر موٹر سائیکل سوار ساتھی کے ساتھ فرار ہو گیا۔

سیٹلائٹ ٹائون اور کمرشل مارکیٹ کی گلیاں شہریوں کے لیے نو گو ایریا بنتے جا رہے ہیں۔عوامی حلقوں نے پولیس انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شر پسند عناصر کی حوصلہ شکنی کے لیے منظم اور موثر مہم شروع کی جائے تا کہ ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی ہو۔