الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد کی امریکی رکنِ کانگریس الہان عبداللہ عمر سے ملاقات، دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال


لاہور( صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور کی سربراہی میں الخدمت کے پانچ رُکنی وفد نے امریکی رکنِ کانگرس الہان عبداللہ عمر سے ملاقات کی اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر محمد عبدالشکور نے کہا کہ امریکہ میں نسلی امتیاز اور اسلامو فوبیا کے خلاف الہان عمر کی جدوجہد اور کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔ الہان عمر نے جس طرح امریکی کانگریس میں مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین پر آواز بلند کی، پوری امتِ مسلمہ اس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے وفد نے الہان عمر کو افغانستان، ترکی، روہنگیا اور فلسطینی مسلمانوں کیلیے الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

الہان عمر نے الخدمت کی بیرون ممالک خدمات کو سراہا اور کہا کہ اگر الخدمت صومالیہ میں بھی اپنا دائرہ کار قائم کرنا چاہے تو وہ ہر طرح کی معاونت کے لیے تیار ہیں۔محمد عبدالشکو ر نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن صومالیہ میں ریلیف ورک کے آغاز کے متعلق اپنے دیگر انٹرنیشنل پارٹنرز کے ساتھ ملکرلائحہ عمل طے کرے گی اوراس ضمن میں آپ کے ساتھ بھی مکمل رابطے میں رہے گی۔

اس کے علاوہ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے الہان عمر کو الخدمت یوتھ گیدرنگ میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی جس کو انھیں قبول کیا۔وفد میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل شاہد اقبال، الخدمت سماجی خدمات پروگرام کے نیشنل ڈائریکٹر عامر محمود چیمہ، الخدمت فارن افئیرز ڈیپارٹمنٹ کے احمد طور اور ریسورس موبلائزیشن سے مرتضیٰ حسین بھی شامل تھے۔