قومی سلامتی کمیٹی کی وضاحت کے بعد قوم کو گمراہ کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے، جاوید قصوری 


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کی جانب سے تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش کے شواہد نہ ملنے کابیان اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عمران خان مسلسل جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کررہے ہیں۔ یہ بہت ہی خطرناک حرکت ہے۔ جس سے بیرونی دنیا کے ساتھ تعلقات کو شدید خطرہ لاحق ہوسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی مفادات کے لیے دفتر خارجہ کو استعمال کرنا شرمناک اقدام ہے۔ اس حوالے سے جوڈیشنل کمیشن بنا کر اصل حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔ کیسی عجیب منطق ہے جن لوگوں نے عمران خان کی حکومت کے خلاف سازش کی ہے۔ وہ بنی گالہ میں بیٹھ کر انہی لوگوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ مسلم لیگ نون ، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے ملک و قوم کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ہے۔ ادارے تباہ حال اورمعیشت زبوں حالی کا شکا رہے۔ کرپشن ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ کفایت شعاری کا درس دینے والے خود بنی گالہ سے وزیرا عظم ہائوس ہیلی کاپٹر میں آٹھ لاکھ روپے ڈیلی خرچ کرتے رہے اور تین برسوں میں ایک ارب روپے اس پر خرچ کردیے۔ قوم کو بتایا جائے کہ جس شخص کی آمدن نہ ہو وہ کیسے بنی گالہ سڑک پر 30لاکھ روپے ادائیگی کرسکتا ہے۔