گورنر پنجاب نے پرنسپل سیکرٹری کے لکھے خط کا نوٹس لے لیا


لاہور(صباح نیوز)گورنر پنجاب عمرسرفراز چیمہ نے اپنے پرنسپل سیکرٹری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے لکھے خط کا نوٹس لے لیا ۔ پرنسپل سیکرٹری راشد منصور نے گورنر کو 2 خط لکھے تھے، انہوں نے وزیراعلیٰ کے انتخاب پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی کی رپورٹ مسترد کردی تھی۔

گورنر پنجاب نے پرنسپل سیکرٹری کو عہدے سے ہٹانے کے لئے چیف سیکرٹری کو خط لکھ دیا ہے۔ پرنسپل سیکرٹری کس طرح گورنر پر دباؤ ڈال سکتا ہے جبکہ پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر کے اختیارات سپیشل سیکرٹری عمرسعید کو دے دیئے گئے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری کے معاملے پر گورنر کے پرنسپل سیکریٹری ہی اسمبلی کے سیکرٹری کی رپورٹ کے خلاف میدان میں آگئے ہیں۔

گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے پرنسپل سیکرٹری نے انہیں ایک خط کے ذریعے ان کی آئینی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا ہے۔

اپنے خط میں پرنسپل سیکرٹری نے کہا تھا کہ گورنر پنجاب کے پاس کسی پارلیمانی نتائج کو مسترد کرنے کا کوئی اختیار نہیں، گورنر پنجاب حلف سے انکار کسی صورت نہیں کرسکتے ایسا کرنے پر وہ آئینی خلاف ورزی کے مرتکب ہوسکتے ہیں۔