ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا 22اپریل جمعہ کو جماعت اسلامی کی طرف سے یوم یکجہتی فلسطین اور جمعة الوداع29 اپریل کو یوم القدس کے پروگرامات کا خیرمقدم


لاہور(صباح نیوز)ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدرڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر ، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے 22اپریل جمعہ کو جماعت اسلامی کی طرف سے مسجد اقصیٰ پراسرائیلی دہشت گردی، نمازیوں پر وحشیانہ تشدد کے خلاف یوم یکجہتی فلسطین اور جمعة الوداع29 اپریل کو یوم القدس کے پروگرامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسلامیان پاکستان سے بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔

مسئلہ فلسطین کے حل اور قبلہ اول صیہونی ناجائز قبضہ کے خلاف آواز اٹھانے اور مظلوم فلسطینیوں کی پشت بانی سے مسئلہ کشمیر پربھی پاکستان کا موقف مضبوط ہوتا ہے۔ جمعہ نماز کے بعد فلسطینیوں سے یکجہتی اور اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف احتجاج اور ریلیاں نکالی جائیں۔ آئمہ خطیب حضرات مسئلہ فلسطین اور قبلہ اول کی بازیابی کیلئے خطہ جمعہ میں آواز بلند کریں۔

اپنے بیان میں ملی یکجہتی  کے مرکزی قائدین نے کہا کہ ماہ رمضان میں مسجد اقصیٰ کے نمازیوں اور عبادت گزاروں پر اسرائیلی صیہونی دہشت گردی پورے عالم اسلام پر حملہ ہے۔ عبادت گاہوں کی بے حرمتی اور دہشت گردی، تمام انسانی بنیادی حقوق اور اقدار کی پامالی ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اقوام متحدہ بے حسی اور مسلم دشمن جانبداری ترک کرکے اور مسئلہ فلسطین ، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات کیے جائیں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ممبران اپنی ویٹوپاور سے انسانیت کی توہین بندکریں۔ اسرائیل کو لگام دیں اورفلسطینیوں پر صیہونی ظلم جبر تشدد اور قتل و غارت گری کے خلاف سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔ عالمی امن کیلئے  مسئلہ فلسطین کا حل ضروری ہے۔