امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے زیر صدارت سابق سیکرٹری اطلاعات محمد انور خان نیازی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد


لاہور(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکز منصورہ میں پیر کو سابق سیکرٹری اطلاعات محمد انور خان نیازی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد ہوا جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کی۔

تعزیتی تقریب میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، سینئر رہنما حافظ محمد ادریس اور انور نیازی کے صاحبزادے نصیر نیازی نے شرکت کی۔ ریفرنس میں جماعت اسلامی کے قائدین اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ انور نیازی ایک نڈر، بے خوف اور دین کی محبت سے سرشار شخصیت تھے، جنھوں نے اپنی زندگی جوانی سے لے کر بڑھاپے تک تحریک اسلامی کے لیے وقف کر دی۔ وہ ایک محب وطن پاکستانی تھے جن کے دل میں امت کا درد کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔ انور نیازی نے سید ابوالاعلیٰ مودودی، میاں طفیل محمد، قاضی حسین احمد، سید منور حسن  کے ادوار میں جماعت اسلامی کے مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دیں اور ایک طویل عرصہ تک شعبہ اطلاعات و نشریات سے منسلک رہے۔

ان کی دینی و ملی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ امیر العظیم اور وقاص جعفری نے بھی اپنے خطابات میں مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی مغفرت اور اعلیٰ درجات کے لیے دعا کی۔