لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم ملکی تاریخ بتاتی ہے کہ اقتدار میں آنے والی جماعتوں کو محض اپنے مفادات عزیز تھے۔ حکمرانوں کے مفادات کو جب بھی زد لگی، تو انھوں نے پاکستان کے جھنڈے جلائے اور اداروں کو بھی برا بھلا کہا۔ حکمرانوں کا عوام سے کوئی سروکار نہیں تھا اور نہ ہی حکمران اشرافیہ کا حال اور مستقبل میں ایسا ارادہ دکھائی دیتا ہے۔ ملک کی بے لاگ اور بغیر مفادات کے لیے خدمت کرنے والی جماعت صرف جماعت اسلامی ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان اب بھی اسلام اور پاکستان کی محبت میں بنگلہ دیش میں پھانسیوں پر لٹک رہے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ جماعت اسلامی نے وطن سے محبت کی خاطر سب سے زیادہ قربانیاں دیں، باقی تمام محض دعویدار اور دودھ پینے والے مجنوں ہیں۔ حکمران اشرافیہ کے پاس وزارتیں رہیں اور انھیں ملک کو لوٹ کھسوٹ کرنے کا موقع ملتا رہے تب سب درست اور پاکستان زندہ باد اور جب انھیں یہ مواقع دستیاب نہ ہوں تو پاکستان کے خلاف نعرے لگنے لگتے ہیں۔ عوام کو ملک کے لیے قربانیاں دینے اور اس کے لیے جذبہ و ایثار رکھنے والوں اور مفاد پرستوں کے درمیان فرق واضح نظر آنے لگا ہے۔ ان شاء اللہ جماعت اسلامی کو جلد عوامی پذیرائی ملے گی اور ہم اللہ تعالیٰ کی مددو نصرت سے اس ملک کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی میں مختلف افراد سے ملاقات اور افطار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔