اسلام آباد کے بعد لاہور میں بھی حکمران اشرافیہ نے اپنی اصلیت قوم کو دکھا دی۔ امیر العظیم


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے بعد لاہور میں بھی حکمران اشرافیہ نے اپنی اصلیت قوم کو دکھا دی۔ قومی اسمبلی کے بعد پنجاب اسمبلی میں ہونے والے دنگل نے جمہوریت، آئین اور قانون کا تمسخر اڑایا۔ جن لوگوں کو عوام نے اپنی نمائندگی اور قانون سازی کے لیے پنجاب اسمبلی بھیجا انھوں نے ایک دوسرے پر گھونسوں، لاتوں کی بارش کی اور گالیاں دیں، جسے ٹی وی سکرینوں پر ساری قوم نے دیکھا۔ پاکستان کی پارلیمنٹ کی پوری دنیا میں تضحیک ہو رہی ہے۔ ملک کی اسمبلیاں اکھاڑوں میں تبدیل ہو گئیں ہیں۔تینوں حکمران جماعتیں بری طرح ایکسپوز ہو گئیں۔ قوم مفادات کے لیے جاری سارا تماشا دیکھ رہی ہے۔حکمران بتائیں کہ وہ نوجوانوں کو کیا سبق دے رہے ہیں۔ جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں سے نجات حاصل کیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ 74برسوں سے یہ لوگ قوم کی گردنوں پر سوار ہیں۔ ملک کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا جا رہا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری سے تنگ عوام کے لیے زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ اقتدار کی جنگ میں مصروف حکمرانوں کو غریب قوم کی کوئی پروا نہیں۔

منصورہ سے جاری ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پرحاصل ہوا اور اسلامی نظام ہی اس کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے۔ جماعت اسلامی نے مفادات کی جنگ سے ہٹ کر عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قوم آزمائے ہوئے کو مسترد کر کے ایمان اور صالح قیادت کو ملک کی خدمت کرنے کا موقع دے۔ جماعت اسلامی پاکستان کو کرپشن اور سود سے آزاد کر کے حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست میں تبدیل کرے گی۔