لاہور(صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے ہفتہ کو صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری پر حکومتی ارکان نے حملہ کرکے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے شروع ہوا تو ڈپٹی اسپیکر کے کرسی پر بیٹھتے ہی تحریک انصاف کے اراکین نے اسپیکر پر حملہ کردیا اور ان پر لوٹوں کی بارش کر دی۔ حکومتی اراکین اسمبلی نے ایوان میں لوٹے لہرادئیے۔سیکیورٹی اہلکار دوست محمد مزاری کو بمشکل بچا کر واپس چیمبر میں لے گئے۔ حکومتی اراکین نے اسپیکر ڈائس پر قبضہ کرکے علیم خان کا جو یار ہے، غدار ہے غدار ہے کے نعرے لگائے۔ حکومتی اراکین نے ڈپٹی اسپیکر کو لوٹے اور تھپٹر بھی مارے۔رانا شہباز ، خیال احمد کاسترو اور دیگر اراکین نے ڈپٹی اسپیکر کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
ڈپٹی اسپیکر کو مکے مارنے والوں میں محمد اعجاز، لاریب ستی، واسق قیوم، تنویر بٹ، رانا شہباز، شجاعت نواز، مہندر پال سنگھ شامل تھے۔ میاں شفیع محمد نے انھیں چھڑانے کی کوشش کی۔ دھکم پیل کی وجہ سے ڈپٹی سپیکر کو واپس بھیج دیا گیا۔ شجاعت نواز اور مہندر پال سنگھ نے اسپیکر کی میز پر اور ڈائس پر لگے مائک پر لوٹے رکھ دئیے۔اراکین کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کے بال کھینچے گئے اور دھکے بھی دئیے گئے۔ ہنگامہ آرائی، بدنظمی کے باعث اجلاس روک دیا گیا۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس اسمبلی ہال میں داخل ہوگئی اور پنجاب اسمبلی کو گھیرے میں لے لیا۔ آئی جی پنجاب پولیس رائو سردار بھی اسمبلی پہنچ گئے۔
وزیراعلی کے امیدوار چوہدری پرویز الہی نے اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کیسے ایوان کے اندر داخل ہوئی، ملکی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا ، اس کا ذمہ دار آئی جی پنجاب ہے اس کو ایوان میں بلا کر ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا، آئی جی کو ایک ماہ کی سزا دی جائے گی۔پرویز الہی اور حکومتی اراکین کے شدید احتجاج پر پولیس ایوان سے واپس نکل گئی۔پنجاب اسمبلی کے ایوان میں پولیس کے داخل ہونے پر حکومتی اراکین نے آئی جی پنجاب پولیس کے خلاف تحریک استحقاق جمع کروادی، جس کے متن میں کہا گیا کہ پولیس کو ایوان کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوتی، پولیس کو ایوان میں لاکر ایوان کا تقدس پامال کیا گیا ہے، پولیس کی جانب سے آئین اور پارلیمانی روایات پامال کرنے پر جواب طلب کیا جائے۔
اسپیکر ڈائس پر تحریک انصاف کی خواتین نے قبضہ کرلیا۔ سعدیہ سہیل کی قیادت میں خواتین اراکین اسپیکر کی نشست پر دائیں بائیں قبضہ کرکے کھڑی ہوگئیں ۔ حکومتی اراکین کہہ رہے ہیں کہ لوٹوں کو ووٹ کاسٹ نہیں کرنے دیں گے، بلے کے نشان پر جیت کر شیر کو کیسے ووٹ دے سکتے ہیں۔ن لیگی ایم پی اے عظمی بخاری اور حکومتی ایم پی اے عابدہ راجہ کی لڑائی بھی ہوئی۔ عابدہ راجہ نے عظمی بخاری کو لوٹی نمبر ون کہا۔ دیگر ایم پی ایز نے دونوں میں بیچ بچا ئوکرایا۔اسپیکر ڈائس کے گرد سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات کردی گئی ہے۔
متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار حمزہ شہباز اور مسلم لیگ ق و پی ٹی آئی کے متفقہ امیدوار چوہدری پرویز الہی کے درمیان وزارت اعلی کیلئے ووٹنگ کے سلسلے میں پنجاب اسمبلی کا اجلاس دوست محمد مزاری کی زیرصدارت صبح ساڑھے گیارہ بجے ہونا تھا لیکن وقت پر شروع نہ ہوسکا اور تاخیر سے شروع ہوکر پھر دوبارہ روک دیا گیا۔ متحدہ اپوزیشن کے ارکان قافلے کی صورت نجی ہوٹل سے بسوں میں پنجاب اسمبلی پہنچے۔ حمزہ شہباز اور علیم خان سمیت تمام قیادت بس میں آئی۔ بس سے اترتے ہوئے ارکان اسمبلی نے نعرہ بازی بھی کی۔