اسلام آباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری پر حملے کی قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
نومنتخب اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہونے والے پہلے اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف نے اظہار خیال کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں پیدا ہونے والی صورت حال کی جانب توجہ دلائی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر پر حملہ کیا گیا اور انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا، پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں ایسی بدترین مثال نہیں ملتی، بطور رکن اسمبلی اس واقعے سے سر شرم سے جھک گیا ہے۔
بعد ازاں قومی اسمبلی نے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری پر حملے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
قرارداد مسلم لیگ(ن)کے رکن قومی اسمبلی شزہ فاطمہ خواجہ نے پیش کی، جس کے مطابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی پر زبانی اور جسمانی حملہ کیا گیا، قومی اسمبلی اس بربریت کی مذمت کرتی ہے۔