لاہور(صباح نیوز) عبوری وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ شہداء کی لازوال قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتے۔عثمان بزدار نے شمالی وزیرستان کے علاقے ایشام میں پاک افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے فوجی قافلے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ وطن عزیز کے بہادر سپوتوں نے قیمتی جانیں قربان کر کے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
سابق وزیراعلی عثمان بزدار نے حملے میں شہید 7 جوانوں کی عظیم قربانی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔عثمان بزدار نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام ہمدردیاں شہدا کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہادر سپوتوں نے اپنی قیمتی جانیں وطن کے امن کے لیے قربان کیں، شہدا کی لازوال قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتے، شہدا ہمارا سرمایہ ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر کے قریب فوجی قافلے پردہشت گردوں کے حملے میں 7 فوجی شہید ہوگئے تھے جب کہ جوابی حملے میں 4 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔