لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مفت علاج کی سہولت کسی پر احسان نہیں بلکہ عوام کا حق ہے۔اپنے جاری کردہ بیان میں عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے ہر خاندان کو نیا پاکستان قومی صحت کارڈ فراہم کر دیا گیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ صحت کارڈ کے ذریعے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے سالانہ مفت علاج کی سہولت دی، حکومت نے یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کیلئے 400 ارب روپے مختص کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کی مثال ترقی یافتہ ممالک میں بھی نہیں ملتی، پنجاب کے ہر شہری کو مفت علاج کا وعدہ پورا کیا۔عثمان بزدار نے کہا کہ مفت علاج کی سہولت کسی پر احسان نہیں بلکہ عوام کا حق ہے، صحت کی سہولتو ں کو بہتر بنانے پر ہماری حکومت نے سب سے زیادہ توجہ دی۔انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولتو ں کو بہتر بنانے پر ہماری حکومت نے سب سے زیادہ توجہ دی، نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے کینسرسمیت مہلک بیماریوں کا علاج ہوسکے گا۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ امراض قلب، ہیپاٹائٹس، امراض جگر، ٹی بی، ایڈز، ایمرجنسی، فریکچر کی صورت میں صوبہ بھر کے معیا ری نجی ہسپتالوں سے مفت علاج کرایا جاسکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی تاریخ میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ جیسے پراجیکٹ کی مثال ملنا مشکل ہے، پنجاب کی تاریخ میں شعبہ صحت کی بہتری کے لئے پہلی بار خطیر رقم مختص کی ہے۔