سابق سیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان محمد انور نیازی انتقال کر گئے


لاہور،میانوالی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے دیرینہ رہنما محمد انور نیازی بدھ کی رات انتقال کر گئے۔ مرحوم کی عمر 80برس تھی اور انھوں نے گزشتہ 50برس سے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں سیکرٹری اطلاعات سمیت اہم عہدوں پر ذمہ داریاں ادا کیں۔ مرحوم نے بانی جماعت سید ابوالاعلیٰ مودودی کے ہمراہ بھی کام کیا۔

مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے محمد انور نیازی کی نماز جنازہ منصورہ میں صبح دس بجے پڑھائی۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق،نائب امرا لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید پراچہ، پروفیسر محمد ابراہیم، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک، نائب قیمین اظہر اقبال حسن، وقاص جعفری، حافظ ساجد انور، محمد اصغر، صدرعلما و مشائخ کونسل میاں مقصود احمد، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، انور نیازی کے صاحبزادے زبیر نیازی، جمشید نیازی، نصیر نیازی و دیگر قائدین سمیت مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے افراد کی بڑی تعداد کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

مرحوم کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے میانوالی میں بھی ادا ہوئی اور وہیں ان کی تدفین عمل میں آئی۔محمد انور نیازی کی وفات پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق سمیت تمام قائدین نے دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔ منصورہ سے جاری بیان میں امیر جماعت نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انور نیازی کی جماعت کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ کھرے، دیانت دار اور مخلص کارکن تھے جنھوں نے اپنی تمام زندگی دین کی خدمت اور تحریک کے لیے کام کرنے  میں صرف کر دی۔

علاوہ ازیں

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان دردانہ صدیقی نے اپنے تعزیتی بیان میں محمد انور خاں نیازی کی دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ تحریک کا قیمتی سرمایہ تھے، ان کا خلا تادیر پر نہیں کیا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت سیکریٹری اطلاعات مرحوم شعبہ خواتین کے امور کی معاونت کے حوالے سے شفیق و مخلص رہے۔دردانہ صدیقی اور ڈپٹی سیکرٹریز رعنا فضل، آمنہ عثمان، ثمینہ سعید، عنائت جدون ،ڈاکٹر حمیرا طارق، عطیہ نثار، معتمدہ تسنیم معظم نگراں میڈیا سیل عالیہ منصور،

سیکرٹری اطلاعات صائمہ افتخار و نائبین اور دیگر ذمہ داران نے بھی سابق سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان محمد انور خان نیازی کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ مرحوم کی بیماری و تکلیف کو اللہ پاک ان کی مغفرت، بلندی درجات کا ذریعہ بنا دے،ان کی دینی خدمات اور ان کی صالح اولاد کو صدقہ جاریہ بنا دیں۔انہوں نے ان کے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی ہے۔