آئین پاکستان ملک ومِلت کی سلامتی، حقوق کا ضامن ہے،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا کہ آئین پاکستان ملک ومِلت کی سلامتی، حقوق کا ضامن ہے۔ آئین پر عمل ہی جنگل کے قانون سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔ جماعت اسلامی آئین کے تحفظ اور آئین کے مطابق امور ریاست کو چلانے کی ہر جدوجہد کرے گی ، فوجی آمریت ہو یا اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے شخصی آمریت ہو ان کا سدِباب کرنا ہر جمہوری ، ذی شعور شہری، اور سول سوسائٹی کی قومی ذمہ داری ہے ۔ سپریم کورٹ لازما اپنا قومی آئینی کردار ادا کرے گی۔

منصورہ میں سیاسی کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت سازی ، حکومتی نااہلی ناکامی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک اور پارلیمان کو جمہوری اقدار کے مطابق چلانے کے لئے آئین پاکستان میں تمام اقدامات کو تحفظ حاصل ہے۔ عمران خان قومی اسمبلی اور صوبہ پنجاب اسمبلی میں اکثریت کھو چکے ہیں ، عمران خان کے طرزِ حکومت اور اسلوب بیان سے پوری قوم میں مایوسی پیدا کی اور خود حکمران جماعت میں بغاوت پیدا ہو گئی ہے۔ حکومت اپنی ناکامی ، نااہلی اور اکثریت کھو دینے کی حقیقت کو من پسند، فرضی خود غرضی اور ڈوبتی خواہشات کو جھوٹ پر مبنی اسکرپٹ اور بدزبانی بدکلامی کے زور پر 22 کروڑ پر آمریت مسلط نہیں ہو سکتی۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا اسٹرٹیجک دشمن اور ہندوستان ریاست جموں وکشمیر پر ناجائز قبضہ کے ساتھ پاکستان کی سلامتی کا دشمن ہے۔ بدقسمتی ہے کہ 70 سال سے حکمرانوں نے امریکی چاپلوسی کی اور ہندوستان کے سامنے بزدلی دکھائی۔ جنرل پرویز مشرف ، آصف علی زرداری ، میاں نواز شریف اور عمران خان پاکستان کا سب کچھ امریکہ کے قدموں پر ڈھیر کر دیا۔ امریکی ذہنی ، اقتصادی ،اسلحہ کی غلامی کی نجات کے لئے سیاسی کارڈز، داپیج نہیں سنجیدہ قومی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ یہ المیہ ہے کہ قومی مفادات اور قومی ترجیحات پر قومی قیادت متحد اور متفق نہیں۔جماعت اسلامی قومی مفادات ، قومی ترجیحات اور پاکستان مخالف قوتوں کے مقابلہ میں قومی حکمت عملی کی زبردست حامی ہے۔اب قومی قیادت کو احساس ہو جانا چاہیے کہ اسلام کی حکمرانی ہی ہمارے مسائل کا حل ہے۔