ملک کی سلامتی اور بقا کا راستہ، آئین و قانون کی بالادستی میں ہے،نصر اللہ رند ھاوا


اسلام آباد(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رند ھاوا نے کہا ہے کہ ملک کی سلامتی اور بقا کا راستہ، آئین و قانون کی بالادستی میں ہے،پاکستان کا قیام اسلام کے نام پر عمل میں آیا اور اس کی بقا اور ترقی کا ضامن بھی اسلامی نظام ہی ہے، گزشتہ چار برسوں میں مدینہ کی ریاست کا نام لے کر ریاست مدینہ کو بدنام کیا گیا

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ناظمین یونین کو نسل کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا پاکستان کی سلامتی ، استحکام ، بیرونی مداخلت سے نجات کا راستہ صرف اور صرف نظام مصطفیۖ کے نفاذ سے ہی ممکن ہے۔ ہر دور کے حکمرانوں نے قرآن و سنت سے انحراف کیا جس کی وجہ سے پاکستان اقتصادی غلامی سے دوچار ہو گیا۔ موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے ملک میں اسلامی نظام کے قیام کے لیے کچھ نہیں کیا۔

نصر اللہ رند ھاوا نے کہا موجودہ حکومت تمام میدانوں میں بری طرح ناکام ہوئی، اس حکومت نے کشمیر پر پسپائی اختیار کی، پی ٹی آئی نے مغرب کے اشاروں پر قانون سازی کرتے ہوئے خاندانی نظام کو تباہ کیا، آئی ایم ایف کے کہنے پر سٹیٹ بنک کو فروخت کیا اور عوام پر منی بجٹ کی صورت میں اربوں روپے کا ٹیکس عائد کیا

انھوں نے کہا جماعت اسلامی ملک میں امریکی مداخلت کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کرتی رہی ہے، ہم آئندہ بھی اس محاذ پر ڈٹے رہیں گے،قوم متحد ہو کر ان لوگوں کا انتخاب کریں جنھیں امریکا کی بجائے اللہ کا خوف ہے اور جو گزشتہ سات دہائیوں سے پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔