اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے سب کو متحدہونے کی دعوت د یتے ہوئے کہا ہے کہ آئیں ہم سب آئین اور قانون کی حفاظت اور پاسداری کے لیے یکجا ہو جائیں، اقتدار کی ہوس نے نیازی اور اس کے بچے کھچے حواریوں کو ذہنی طور پر مکمل طور پر مفلوج کر دیا ہے۔
شہباز شریف کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کچھ ساتھیوں کا آئین اور قانون کے دفاع میں نیازی کے خلاف کھڑا ہونا خوش آئیند ہے۔ آئیں ہم سب آئین اور قانون کی حفاظت اور پاسداری کے لیے یکجا ہو جائیں ۔اپنے ایک اور بیان میں شہبازشریف نے معاشی دیوالیہ پن کی اطلاعات پر خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ملک کے معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کی خبریں عالمی میڈیا سے آرہی ہیںجو اضطراب اور پریشانی کا باعث ہیں۔ اصل خطرہ یہ ہے کہ خدانخواستہ ملک ڈیفالٹ کرگیا تو کیا ہوگا؟۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی ریکارڈ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا ذمہ دار ہے جو کنٹینر کے دور میں ہر مسئلے کی بنیادی وجہ کرنٹ اکائونٹ خسارے کو دیا کرتا تھا ۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ بجٹ اور مالیاتی خسارہ بھی 4600ارب ہوچکا ہے، تجارتی خسارہ 45ارب ڈالر کی حد پار کرچکا ہے، ہر سال عمران نیازی کی حکومت نے ریکارڈ مالیاتی خسارہ کیا۔ یہ ہیں وہ اصل وجوہات جن سے نظریں چرانے کے لئے عمران نیازی ہر روز ایک نیا جھوٹ بولتا ہے ۔ کبھی عالمی سازش کا جھوٹ، کبھی ریاست مدینہ کے مقدس نام پر جھوٹ بولا گیا ۔ کبھی امر بالمعروف کو عوام کے خلاف اپنے گناہ چھپانے کے لئے ڈھال بناتا ہے، کبھی احتساب کے جھوٹ بولتا ہے۔