اسلام آباد(صباح نیوز) مسلم لیگ(ن)کے رہنما احسن اقبال نے احتساب عدالت کے فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا اور ناروال اسپورٹس سٹی ریفرنس میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کیس سے بری کرنے کی اپیل کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ جس پراجیکٹ پر ریفرنس دائر کیا گیا، وہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے شروع ہوا، نیب ریفرنس الزامات پر مبنی اور حقائق کے منافی ہے، ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
احسن اقبال نے درخواست میں عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر بری کرنے کی استدعا بھی کر دی جبکہ درخواست میں چیئرمین نیب اور احتساب عدالت نمبر تین کو فریق بنایا گیا۔احتساب عدالت نے احسن اقبال کی ناروال سپورٹس سٹی ریفرنس میں بریت کی درخواست مسترد کی تھی۔