مبارک مہینے کا تقاضا ہے کہ مسلمان اپنے گناہوں سے توبہ کریں،سراج الحق


لاہور(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے امت مسلمہ کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی مبارک باد دیتے ہوئے انسانیت کی فلاح، مسلمانوں میں اتحاد اور دنیا میں امن کے قیام کے لیے دعا کی ہے۔

منصورہ سے جاری ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ مبارک مہینے کا تقاضا ہے کہ مسلمان اپنے گناہوں سے توبہ کریں،اللہ تعالی کی رحمت اور مغفرت کے امیدوار بنیں اور اس کے نظام کو دنیا میں نافذ کرنے کے لیے جدوجہد کو مزید تیز کریں۔

انھوں نے کہاکہ اسلامیان پاکستان پر یہ لازم ہے کہ وہ اس مقصد کے حصو ل کے لیے دن رات ایک کر دیں، جس کی خاطر اللہ تعالی نے ہمیں یہ خطہ رمضان کے مبارک مہینے میں عطا کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ مسلمان اہتمام سے روزے رکھیں اور اپنے اردگرد غریب، بے سہارا افراد کی مدد کریں۔

رمضان کے مہینے میں صدقات و خیرات میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ معاشرے میں بھوک اور غربت کا خاتمہ ہو۔ مبارک مہینے کے آغاز میں انھوں نے خصوصی طور پر پاکستان کی سلامتی اور ترقی، بے روزگاری، مہنگائی، غربت کے خاتمے کے لیے دعا کی ہے۔

جماعت اسلامی کے دیگر قائدین نے بھی رمضان کے آغاز پر امت مسلمہ اور اسلامیان پاکستان سمیت تمام انسانیت کو مبارک باد دی ہے۔