وزیر اعظم کا خطاب نئے خود مختار پاکستان کی بنیاد بنے گا،عثمان بزدار


لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا خطاب نئے خود مختار پاکستان کی بنیاد بنے گا،وزیراعظم نے ہمیشہ ملکی خود مختاری کی بات کی ہے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا خطاب نئے خود مختار پاکستان کی بنیاد بنے گا۔

انہوں نے بیان میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے باوقار و خوددار پاکستان کی حقیقی ترجمانی کی ہے، انہوں 22کروڑ عوام کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کے خواب کی تعبیر کے لیے کپتان ڈٹ کر کھڑا ہے، ہم سب اور پوری قوم کپتان کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کی بات کی ہے ،ضمیر کا سودا کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔