اسلا م آباد(صباح نیوز)سابق صدر آصف علی زرداری نے صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کو پارلیمانی سیاست میں لانے کا اعلان کردیا۔
سابق صدر بیٹی آصفہ بھٹو زرداری کا ہاتھ تھامے پارلیمنٹ ہاس پہنچے جہاں انہوں نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔سابق صدر نے تحریک عدم اعتماد اور دیگر مسائل پر بات کی۔ اس دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ اپنی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری کو پارلیمانی سیاست میں کب لا رہے ہیں؟ اس پر سابق صدر نے جواب دیا کہ انشاء اللہ اگلے الیکشن میں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی۔صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ عمران خان کو این آر او دیں گے؟ اس کے جواب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ نہیں میں عمران خان پر شفقت نہیں کروں گا۔
ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ کیا تحریک عدم اعتماد میں کامیابی کے بعد اقتدار پرامن منتقل ہوگا؟ سابق صدر نے جواب میں کہا کہ عمران خان اب کچھ بھی نہیں کر سکتا۔