قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر بحث شروع نہ ہوسکی، اجلاس 3 اپریل تک ملتوی


اسلام آباد(صبا ح نیوز) قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر بحث شروع نہ ہوسکی اور اجلاس 3 اپریل کی دوپہرساڑھے 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

قومی اسمبلی کا اہم اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدرات ہوا تاہم تحریک عدم اعتماد پر بحث شروع نہ ہوسکی اور ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس اتوار کو صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کردیا۔قومی اسمبلی کے جمعر ات کے اجلاس کے ایجنڈے میں وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد پر اجلاس میں بحث بھی شامل تھا اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بحث کا آغاز کرنا تھا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت سوا گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔ قومی اسمبلی اجلاس شروع ہوتے ہی حکومت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ حکومت کی جانب سے مشیر پارلیمانی امور نے قومی اسمبلی اجلاس کے ہال کو پارلیمانی سلامتی کمیٹی اجلاس کے لیے مانگا تاہم انہیں کامیابی نہ ہوئی۔اپوزیشن نے کثرت رائے سے حکومت کی تحریک مسترد کردی جس پر ڈپٹی اسپیکر نے قومی سلامتی کمیٹی کے لیے کمیٹی نمبر 2 میں اجلاس منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔

اسپیکر نے وقفہ سوالات شروع کیا اور ارکان سے کہا کہ ایجنڈے کی کارروائی کے مطابق سوالات کریں جس پر ایک کے بعد ایک رکن کھڑے ہوئے اور انہوں نے ایک ہی سوال کیا کہ اسپیکر عدم اعتماد کی ووٹنگ کب کرائیں گے؟وقفہ سوالات میں پے درپے ہر رکن کی جانب سے ووٹنگ کب کرائیں گے کہ سوال پر ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ لگتا ہے کوئی بھی رکن سنجیدہ نہیں ہے اس لیے اجلاس تین اپریل بروز اتوار ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کیا جاتا ہے۔ اجلاس ملتوی ہونے کی وجہ سے وزیراعظم کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد پر بحث شروع ہی نہ ہوسکی

اجلاس ختم ہونے کے اعلان پر اپوزیشن ارکان نے ایوان میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف نعرے بازی کی، ڈیسک بجائے اور اپنے ارکان کی گنتی کی۔ اجلاس ختم ہونے کے باوجود شہباز شریف، آصف زرداری اور بلاول سمیت 150 اپوزیشن ارکان ایوان کے اندر موجود رہے جنہوں  نے اجلاس سے جانے کے بجائے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کا مطالبہ کردیا۔

بعدازاں اپوزیشن ارکان وزیراعظم کے خلاف نعرے بازے کرتے ہوئے پارلیمنٹ ہاوس سے باہر چلے گئے۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس چند منٹ میں ہی ڈپٹی اسپیکر نے ملتوی کردیا۔ اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر بحث نہیں کرائی گئی،قبل ازیں چند روز قبل منعقدہ اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے قائد احزب اختلاف میاں شہباز شریف نے تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی جس پر بحث کے لیے 31 مارچ کی تاریخ مقرر کی گئی تھی جب کہ تین دن یا زائد دن بعد بحث ختم ہوتے ہی اسپیکر ووٹنگ کا اعلان کریں گے