وفاقی کابینہ نے فنڈ پر مبنی ہیلتھ فنانسنگ سسٹم احساس تحفظ کی منظوری دے دی


اسلام آباد(صبا ح نیوز) وفاقی کابینہ نے احساس پروگرام کے تحت صحت سے متعلق اخراجات کو برداشت کرنے کی پالیسی اور احساس تحفظ کی منظوری دے دی ہے۔ اس پالیسی کے تحت احساس تحفظ کی منظوری دی گئی ہے جو کہ فنڈ پر مبنی ہیلتھ فنانسنگ سسٹم ہے۔ احساس تحفظ یونیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنانے اور لوگوں کو صحت سے متعلق اخراجات سے بچانے کے لیے انشورنس پر مبنی صحت سہولت پروگرام کی تکمیل کرے گا۔احساس تحفظ پر وسیع پیمانے پر دو سالوں میں طویل کام کیا گیا ہے جو کہ ملک کا پہلا بڑا صحت سے متعلق سیفٹی نیٹ ہے۔

احساس تحفظ بنیادی طور پر حکومت کے موجودہ صحت سہولت پروگرام کی تکمیل اور کسی بھی خلا کو پورا کرنے کے لیے کوریج کے اصولوں پر مبنی ہے۔ یہ پروگرام پانچ اہم اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے جس میں عالمگیر رسائی کی فراہمی،صحت سے متعلق  اخراجات کو پورا کرنا؛ موجودہ انشورنس پروگراموں کی تکمیل؛ تمام ضروری علاج کی کوریج؛ احتساب اور بہتری کو فروغ دینا شامل ہے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ ڈویژن میں احساس تحفظ کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ،”موجودہ منظر نامے اور غریب افرادکے تحفظ کی اہمیت کے پیش نظر، ہیلتھ انشورنس پروگرام کے لیے ایک تکمیلی پہل کے طور پر کام کرنے کے لیے ایک پروگرام کی ضرورت تھی، جو اس بات کو یقینی بنائے کہ کوئی بھی شخص صحت کی دیکھ بھال کے اخراجات کے باعث غربت میں مبتلا نہ ہو۔ اس سے نمٹنے کے لیے، احساس تحفظ کو خاص طور پر پسماندہ طبقات کیلئے صحت  سے متعلق اخراجات  کو برداشت کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے ۔

انہوں نے مزیدکہا، “احساس تحفظ اس پالیسی میں بیان کردہ اصولوں کے مطابق چلائے گا تاکہ صحت سہولت کی تکمیل کی جائے ، عوامی وسائل کے موثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے اور تکمیلی پروگراموں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔”یہ پروگرام سرکاری ہسپتالوں کے ساتھ شراکت میں کام کرتا ہے جو ایسے مریضوں کی شناخت کرتے ہیں جنہیں مالی مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔ شناخت شدہ مریضوں کا پھر اہلیت کے معیار کے مطابق تحفظ کے ذریعے جائزہ لیا جاتا ہے۔ اہل مریضوں کے لیے، ہسپتالوں کو پہلے سے طے شدہ علاج کے اخراجات کے لیے براہ راست معاوضہ دیا جاتا ہے۔

احساس تحفظ سسٹم پیپر لیس، موبائل فون سینٹرڈ اور ٹیکنالوجی پر مبنی ہے۔ اس کا خودکار ورک فلو، سپلائی چین مینجمنٹ، ٹریکنگ، ٹائم شیپنگ، اور اہلیت کی تصدیق کے لیے پہلے سے ترتیب شدہ اصول، سماجی تحفظ کے فنڈز کے غلط استعمال پر قابو پانے میں مدد کرتے ہیں۔ ان خصوصیات نے نظام کو جوابدہ اور قابل احتساب بنا دیا ہے۔احساس ہیلتھ فنانسنگ   کے شعبہ میں ایک جدت پر مبنی نظام کی نمائندگی کرتا ہے  جو ایک بڑے پیمانے پر  مریضوں کی فلاح و بہبود کیلئے تیار کیا گیا ہے۔