اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کوئی محفوظ راستہ نہیں مانگا، اس حوالے سے جھوٹی خبریں چلائی جارہی ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ کس کو وزیراعظم رہنا ہے اور کس کو ہٹانا فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔شہبازگل نے ان خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے اپوزیشن سے محفوط راستہ مانگا ہے، ایسی خبروں کی سختی کے ساتھ تردید کرتا ہوں، کیا وزیراعظم ان چوروں سے راستہ مانگیں گے؟ واضح کردوں کہ وزیراعظم استعفی نہیں دیں گے شان سے یہ لڑائی لڑیں گے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم کی لڑائی اس سامراج سے ہے جو حکومتیں بناتا اور گراتا رہاہے، استعفی دینے کی وزیراعظم نے کوئی پیشکش نہیں کی اور ن ہی وزیراعظم نے ان سے کوئی راستہ نہیں مانگا، وزیراعظم سیاسی بونوں اور انکے پیچھے جو ہیں ان کابھی مقابلہ کرینگے۔
شہباز گل نے کہا کہ مراسلہ سات تاریخ کو آیا کسی ملک کو ڈکٹیٹ کرنے کی ایسی نظیر نہیں ملتی، نامور صحافی بھی کہہ رہے ہیں کہ بیرونی قوتیں عمران خان کو ہٹانا چاہتی ہیں، جن صحافیوں کو شک و شبہ تھا وہ بھی کھل کر بات کررہے ہیں جبکہ کچھ صحافی حضرات سوچ رہے تھے کہ ایساہوسکتاہے یانہیں
میڈیا سے گفتگو میں شہباز گل نے کہا کہ قوم کے بارے میں ایک بات بتانا چاہتا ہوں، عمران خان نے اس ملک کیلئے بہت کچھ کیاہے، باہر کے ملک سے بیٹھ کر کہا جاتا ہے کہ ہر صورت عمران خان کوہٹاناہے، دھمکی دی جاتی ہے کہ نہ ہٹایاتوخطرناک نتائج کیلئے تیارہوجائیں۔شہبازگل کا مزید کہنا تھا کہ اب سب دیکھیں گے قوم اپنے بیٹے عمران خان کیساتھ کیسے کھڑی ہوتی ہے؟کس کو وزیراعظم رہنا ہے اور کس کو ہٹانا فیصلہ عوام نے کرنا ہے