توقعات سے بڑھ کرپاکستانی پویلین کامیابی سے ہمکنار ہوا،رزاق داؤد


اسلام آباد(صباح نیوز)مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ توقعات سے بڑھ کرپاکستانی پویلین ایک شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایکسپو 2020 میں بہترین پویلین کے انتخاب کے لئے بین الاقوامی جیوری کی آمد ہوئی جس میں پاکستان کو 192 پویلین میں سے انٹیریئر ڈیزائن کے لئے سلور ایوارڈ سے نوازا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایکسپو 2020 کا آخری دن ہے، توقعات سے بڑھ کرپاکستانی پویلین ایک شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوا ، ایکسپو کے اختتام تک ہمارے پویلین پر آنے والے وزٹرز کی تعداد 12لاکھ تک پہنچ جائے گی۔

مشیر تجارت نے کہا کہ تخلیقی صلاحیتوں کا بہتر اظہار کرنے پر ٹیم بالخصوص نور جہاں اور راشد رانا کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت تجارت، یو اے ای، سفارت خانہ اور سفرا کی کوشش کے بغیر اتنا بڑا شو پیش کرنا ممکن نہیں تھا۔