اپوزیشن نے خوف میں عدم اعتماد جمع کرائی، فیاض چوہان


لاہور(صباح نیوز)وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے اسمبلی تحلیل ہونے کے ڈر سے وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائی ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کو کسی نے بتایا پنجاب اسمبلی توڑی جارہی ہے جبکہ پارٹی میں الیکشن کرانے کے حوالے سے رائے موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز کے جلسے کے بعد صورتحال تبدیل ہوگئی جس کے بعد اپوزیشن میں ڈر اور خوف پیدا ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے لوگ اس عثمان بزدار کو نااہل قرار دے رہے ہیں جس نے اس صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہیلتھ کارڈ کا اجرا کیا، اس نے ٹیکس کلیکشن ان کے دور کی نسبت بہت زیادہ اکٹھا کیا۔

انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار جنوبی پنجاب کے لئے فرشتہ بن کر آئے ہیں جس کے لئے 32 فیصد نوکریاں قانونی طور پر پابند کر دی گئیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اس تحریک عدم اعتماد کو ناکام کریں گے اور اب پی ٹی آئی کا کوئی رکن اسمبلی کسی دوسری جماعت میں جانے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

انہوں نے بتایا کہ جہانگیر ترین گروپ والوں کی سوچ میں تبدیلی آئی ہے جس کے بعد چند ایک کے علاوہ کوئی سیاسی خودکشی نہیں کرے گا۔

ا نہوں نے کہا کہ چوہدری برادران اور ق لیگ ہمارے اتحادی ہیں  اور ہمارے ساتھ چل رہے ہیں۔